QS Asia University Ranking - 2025
خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2024میں نمایاں پوزیشنز اپنے نام کرلیں۔بین الاقوامی ادارے کے مطابق خواجہ فرید یونیورسٹی رواں سال جاری ہونے والی کیو ایس رینکنگ 2024 میں جنوبی ایشیا کی 202 ویں بہترین جامعہ قرار پائی ہے جب کہ عالمی درجہ بندی میں یہ یونیورسٹی دنیا کی 661 سے 688 بہترین جامعات میں شامل ہوگئی ہے۔ گزشتہ برس کے اعداد وشمار کا جائزہ لیں تو خواجہ فرید یونیورسٹی نے مذکورہ دونوں درجہ بندیوں میں نمایاں بہتری حاصل کی۔ گزشتہ برس جاری کی گئی رینکنگز میں خواجہ فرید یونیورسٹی جنوبی ایشیا کی 258ویں ،ایشیاکی 801 جب کہ دنیا بھر میں 1101 سے 1150 بہترین جامعات کی صف میں شامل تھی۔ رواں سال خواجہ فرید یونیورسٹی نے جنوبی ایشیا میں 56 درجے جب کہ بین الاقوامی سطح پر 461درجے بہتری حاصل کی۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے کہا خواجہ فرید یونیورسٹی کی نمایاں پوزیشنز اس بات کی عکاس ہیں کہ یونیورسٹی معیار تعلیم اور قابل عمل تحقیق پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے اس شاندار کامیابی پر خواجہ فرید یونیورسٹی کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر کوالٹی انہاسمنٹ سیل (کیوای سی) ڈاکٹر محمد بلال طاہر نے کہا کہ بلند معیار تعلیم خواجہ فرید یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں کیو ای سی قومی و بین الاقوامی سطح کی ورکشاپس اور پروگرامز کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا ٹیم ورک اور مسلسل محنت کے باعث اللہ پاک نے خواجہ فرید یونیورسٹی کو نمایاں مقام عطا کیا جس پر اس کے شکر گزار ہیں۔ اس سے قبل خواجہ فرید یونیورسٹی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن، سائی میگو، یو آئی گرین میٹرک رینکنگز سمیت مختلف قومی وبین الاقوامی رینکنگز میں نہ صرف نمایاں پوزیشنز اپنے نام کیں بلکہ اپنی متعدد ہم عصر جامعات پر سبقت بھی حاصل کی۔