سانحہ پشاور کے شہدا کی یاد میں دعائیہ سیشن کا انعقاد
خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سانحہ پشاور کے شہدا کی یاد میں ڈیپارٹمنٹ آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کی طرف سے دعائیہ سیشن کا انعقاد ڈین آف آل فیکلٹیز پروفیسر ڈاکٹر اصغر ہاشمی کی سربراہی میں کیا گیا۔ اس سیشن میں ڈاکٹر عبدالقیوم نے شہدا کی یاد میں اپنا کلام پیش کیا ۔ شہدا پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر سربراہ شعبہ ڈاکٹر ثمینہ ثروت کا کہنا تھا کہ دشمن نے اپنے ظلم اور بربریت سے علم کی شمعیں بجھانے کی مذموم کوشش کی ہم عہد کرتے ہیں کہ روشنی کے اس سفر کو جاری رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں گیں۔ پروفیسر ڈاکٹر اصغر ہاشمی کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچے پوری قوم کے بچے ہیں اور پوری قوم دعا گو بھی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک بھی ہے۔ یہ دن تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم شہدا کی قربانیوں کو رائگاں نہیں جانے دیں گے۔ اللہ پاک شہدا کے درجات بلند فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو سکون عطا فرمائے۔ اس موقع پر ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر سلیم اللہ، اسسٹنٹ ڈین ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر خلیل، ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈاکٹر عبدالرشید، ماجد رشید، وحید شہزاد، محمد انور فاروق ، عابد علی و دیگر فیکلٹی ممبرز بھی موجود تھے۔